بے گھر غریب خاندانوں کی جانب سے حیدرآباد میں احتجاج

   

عزیز پاشاہ کی شرکت، حکومت پر مکانات کی فراہمی میں ناکامی کا الزام
حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری و سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے بے گھر غریب خاندانوں کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مکانات کی فراہمی میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور بے گھر افراد کو سہارے کی عدم فراہمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے غریبوں اور بے گھر خاندانوں کو مکانات فراہم کرنے کے وعدے کی تکمیل نہیں کی ہے۔ امکنہ اراضی اور ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے دیہی علاقوں سے غریب خاندان حیدرآباد کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں غریبوں کو کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ دیہی علاقوں میں غریب خاندان جھونپڑ پٹیوں میں زندگی گذاررہے ہیں اور انہیں کوئی سماجی تحفظ حاصل نہیں ہے۔ بیگم پیٹ کے تروملا فنکشن ہال میں غریبوں کے مسائل کے حل کیلئے جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ آر گوپال کی قیادت میں سینکڑوں بے گھر غریب خاندانوں نے جلسہ عام میں شرکت کی۔ عزیز پاشاہ نے سی پی آئی کی جانب سے غریبوں کے حق میں جدوجہد کا تیقن دیا۔