تائیوان زلزلہ اموات کی تعداد 12 ہوگئی

   

تائی پے : تائیوان میں شدید ترین زلزلے کے 2 روز بعد بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ تائیوان میں مزید 2 نعشیں ملنے کے بعد اموات کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ کاؤنٹی ہولیان میں اب تک 50 سے زائد آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔ تائیوان کے دارالحکومت تائپے میں بھی کچھ آفٹر شاکس محسوس کیے گئے ہیں۔ 18لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو حکام کی کوششیں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل تائیوان میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئی تھیں جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ساحلی علاقہ ہوالین کے قریب تھا، جبکہ اس کی گہرائی 15.5 کلو میٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی تھی۔ تائیوان کے ساتھ ساتھ جاپان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، تاہم جاپان سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔