تائیوان کی اپوزیشن لیڈر چینگ لی وَن کا دورۂ چین

   

تائی پے ۔ 7 اپریل (ایجنسیز) تائیوان کی اپوزیشن لیڈر چینگ لی وَن نے منگل کے روز چین کا چھ روزہ دورہ شروع کیا ہے، جو بیجنگ کے ساتھ قریبی تعلقات کے حوالے سے اپنی نوعیت کا ایک نادر دورہ ہے۔ یہ دورہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورہ چین سے چند ہفتے قبل ہو رہا ہے۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چینگ کی چین آمد ہو چکی ہے اور ان کے اس دورے کا مقصد تائیوان کی آبنائے کے دونوں کناروں کے درمیان “امن” کا قیام ہے۔ چینگ گذشتہ دس سالوں میں چین کا دورہ کرنے والی کومنتانگ پارٹی کی پہلی سربراہ ہیں۔ان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ تائیوان کے اپوزیشن قانون سازوں پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ تائیوان کو تقریباً 40 ارب ڈالر مالیت کے امریکی ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے کی منظوری دیں۔ تائیوانی حکام اور ماہرین کے مطابق،چینی صدر شی جن پنگ اس دورے کو اپنا موقف مضبوط کرنے اور تائیوان کو امریکی ہتھیاروں کی مزید فروخت روکنے کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔تائیوان کی سکیورٹی کے اہم ضامن کے طور پر واشنگٹن تائی پے کو ہتھیار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے، جو بیجنگ کی ناراضی کا باعث بنتا ہے۔ شنگھائی روانگی سے قبل تائی پے میں اپنی پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چینگ نے کہا کہ تائیوان کو جنگ روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں کو خیر سگالی کے جذبے کو فروغ دینا چاہیے اور باہمی اعتماد کو گہرا کرنا چاہیے، کیونکہ امن برقرار رکھنے کا مطلب تائیوان کو بچانا ہے۔W/H