تائی پے : تائیوان میں ایک امریکی بحری دستہ اور ایک خصوصی یونٹ مسلح افواج کی تربیت کے لیے تعینات ہیں۔ اس بات کا انکشاف امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے حکومتی اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے کیا ہے۔ اس امریکی جریدہ کے مطابق اس تربیتی مشن کے لیے کم ازکم دو درجن امریکی فوجی تعینات ہیں اور یہ ٹریننگ تائیوان کے دفاع کو مضبوط بنانے کی امریکی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس تربیت کا سبب تائیوان کے خلاف چین کی ممکنہ جارحیت کے خدشات بتائے گئے ہیں۔ بیجنگ حکومت تائیوان کو ایک خود مختار ملک تسلیم کرنے کے بجائے چین کا ایک باغی صوبہ قرار دیتی ہے اور دوبارہ اتحاد کے لیے کوشاں ہے۔