تائیوان کے نزدیک چین کی جنگی مشقیں

   

بیجنگ : چین کے بحری جنگی جہازوں اور لڑاکا طیاروں نے تائیوان کے جنوب مشرق اور جنوب مغرب میں واقع سمندری علاقے میں جنگی مشقوں میں حصہ لیا ہے۔ تائیوانی حکومت نے ان جنگی مشقوں کو اشتعال انگیزی اور داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔ دوسری جانب پیپلز لبریشن آرمی کی مشرقی کمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنگی مشقوں میں حصہ لینے کے لیے آبدوز شکن جنگی ہوائی جہازوں اور فائٹر طیاروں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جنگی مشقیں آبنائے تائیوان میں پیدا حالیہ سکیورٹی صورت حال کے تناظر میں شروع کی گئی ہیں۔ اس نئی پیش رفت کے حوالے سے تائیوانی وزارتِ دفاع نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔