تائیپی۔8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) تائیوان میں جمعرات کے روز زلزلہ کا زبردست جھٹکا محسوس کیا گیا۔ ریختر پیما پر اس کی شدت 5.9 نوٹ کی گئی جس میں ایک خاتون کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ زلزلہ کی وجہ سے جزوی طور پر برقی سربراہی مسدود ہونے سے تقریباً 10,000 مکانات تاریکی میں ڈوب گئے۔ زلزلہ کے جھٹکے فلک بوس عمارتوں میں بھی محسوس کئے گئے جہاں محو خواب افراد خوفزدہ ہوکر اپارٹمنٹس سے باہر آگئے۔ حکام نے 60 سالہ معمر خاتون کی ہلاکت کی توثیق کی ہے۔ دوسری طرف ریل حکام نے بتایا کہ برقی سربراہی منقطع ہونے سے ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئیں جس کی وجہ سے یلان میں بعض ٹرینوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی جس نے ہزاروں مسافرین کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔ تائیوان کو پہلے ہی طوفان لیکیماکی پیشرفت کی وجہ سے چوکس کردیا گیا ہے اور جمعہ کے روز تیز ترین ہوائیں چلنے اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
