تابکاری کا اخراج ایران اور خلیجی ممالک میں زندگی کا خاتمہ کردے گا:عراقچی

   

تہران : 5 اپریل ( ایجنسیز ) ایران کے بوشہر نیوکلیائرپلانٹ کے قریب مسلسل حملوں کے بعد وزیرخارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا۔ایرانی وزیرخارجہ نے خط میں بوشہر نیوکلیئرپلانٹ کے قریب چوتھے حملے سے تابکاری اخراج کا خطرہ ظاہر کردیا۔وزیرخارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر بھی جاری بیان میں خبردار کیا کہ ایرانی جوہری پاورپلانٹ سے تابکاری کا اخراج ہوا تو یہ نہ صرف ایران بلکہ خلیج تعاون کونسل کے ملکوں میں بھی زندگی کا خاتمہ کر دے گا۔ایرانی وزیرخارجہ نے سوال کیا کہ کیا آپ کو یوکرین کے زاپوریزیا جوہری پاورپلانٹ کے قریب جھڑپوں پر مغربی دنیا کا غم و غصہ یاد ہے؟انہوں نے کہا امریکہ اور اسرائیل ایران کے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر اب تک 4 مرتبہ بم باری کر چکے ہیں، ایران کی پیٹروکیمیکل تنصیبات پر حملے امریکہ اسرائیل کے اصل مقاصد کی نشاندہی کرتے ہیں۔(G/W)