تاجرین نمائش کو نقصانات کا سامنا

   

کشمیری تاجرین نمائش کی توسیع کے حق میں نہیں ، کپڑے کے تاجرین توسیع کے خواہش مند
حیدرآباد۔14 مارچ(سیاست نیوز) نمائش کے دوران تاجرین کو ہونے والے نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بیرون ریاست سے شہر پہنچنے والے تاجرین بالخصوص کشمیری تاجرین نمائش میں مزید توسیع کے حق میں نہیں ہیں جبکہ شہر حیدرآباد کے علاوہ دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے تاجرین بالخصوص کپڑے کے تاجرین کا کہناہے کہ اگر نمائش کو ماہ رمضان المبارک کے دوران بھی جاری رکھنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں نمائش میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ نمائش سوسائیٹی کے عہدیداروں کا کہناہے کہ نمائش 10 اپریل تک جاری رہے گی لیکن اس کے بعد اس میں کسی قسم کی توسیع کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کیونکہ نمائش کو جاری رکھنے کے لئے جو عملی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ان کا جائزہ لینے کے بعد ہی نمائش میںتوسیع کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ شہر حیدرآبا دمیں سالانہ منعقد ہونے والی نمائش کا آغاز جنوری میں ہوا کرتا ہے اور فروری کی 15 تک نمائش جاری رہا کرتی تھی لیکن جاریہ سال نمائش کے افتتاح کے ساتھ ہی کورونا وائرس تحدیدات کے نام پر نمائش کو بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا لیکن جب ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے تلنگانہ میں تیسری لہر کے اختتام کا اعلان کیا گیا تو اس کے بعد نمائش سوسائیٹی کے عہدیداروں نے تاجرین کو نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لئے نمائش کے احیاء کے اقدامات کا اعلان کیا اور 25 فروری سے نمائش دوبارہ شروع کی گئی ہے جو کہ سرکاری محکمہ جات اور محکمہ پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی اجاز ت کے مطابق 10اپریل تک جاری رہے گی ۔ بتایاجاتا ہے کہ نمائش کے مشاہدہ کے لئے یومیہ 40تا50 ہزار افراد پہنچ رہے ہیں لیکن ریاست میں امتحانات کے شیڈول کے اعلان اور امتحانات کا سلسلہ جاری رہنے کے سبب بڑی تعداد نمائش کے مشاہدہ کے لئے نہیں پہنچ رہی ہے اور شہریوں کی جانب سے بھی مطالبہ کیا جا رہاہے کہ نمائش میں توسیع کی جائے ۔ نمائش میں کاروبار کرنے والے کشمیری تاجرین بالخصوص خشک میوہ جات کے تاجرین کا کہناہے کہ گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے سبب وہ خشک میوہ جات خراب ہونے لگتے ہیں اسی لئے وہ گرم ماحول میں ان میوہ جات کی فروخت کا خطرہ نہیں مول سکتے اسی لئے وہ نمائش کی توسیع کے حق میں نہیں ہیں اور اگر توسیع کا فیصلہ کیا بھی جاتا ہے تو ایسی صورت میں وہ اس نمائش کا حصہ نہیں رہیں گے۔ کپڑوں کے تاجرین او ر دیگر اشیاء کے تاجرین کا کہناہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران شہر حیدرآباد میں چھوٹی چھوٹی نمائش لگتی ہیں اور اب جبکہ کل ہند صنعتی نمائش جاری ہے تو عین رمضان المبارک سے قبل اسے بند کرنے کا فیصلہ کرنے کے بجائے اس میں توسیع کے اقدامات کئے جانے چاہئے تاکہ تاجرین اور شہریوں دونوں کو بھی اس کا فائدہ حاصل ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق نمائش سوسائیٹی کے عہدیداروں کی جانب سے تاجرین کی خواہش پر محکمہ پولیس سے زبانی درخواست کی گئی ہے کہ نمائش میں توسیع کی اجازت فراہم کی جائے جس پر کمشنر سٹی پولیس مسٹر سی وی آنند نے تیقن دیا ہے کہ وہ اس مسئلہ کا جائزہ لینے اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی توسیع کے متعلق قطعی فیصلہ کریں گے۔م