تاجر کے بارے میں سیتا رمن کے بیان پر راہول۔ کھرگے برہم

   

نئی دہلی : کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے اور سابق صدر راہول گاندھی نے جمعہ کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی طرف سے جی ایس ٹی کے بارے میں حکومت سے پوچھے گئے سوال پر وزیر خزانہ کی برہمی کو ان کا تکبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کوئی سوال کیا جائے تو اس کا جواب توہین آمیز انداز سے نہیں دینا چاہیے ، بلکہ عزت و احترام سے دیا جانا چاہئے ۔ لیکن مودی سرکار کے وزراء کو عوام کی توہین کرنے میں مزہ آتا ہے ۔ کھرگے نے کہا کہ غریبوں اور متوسط طبقے کے لیے ٹیکس دہشت اور مودی کے دوستوں کے لیے ٹیکس کٹوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور بی جے پی نے کوئمبٹور میں سری اناپورنا ریستوران کے مالک کی تذلیل کی ہے ، جو ایک چھوٹا تاجر ہے ، اس سے پہلے بھی وہ اس طرح کے عوامی بیان دیتی رہی ہیں ۔ جب ایک تاجر نے جی ایس ٹی کے بارے میں سوال پوچھا تو وزیر خزانہ نے اس پر قہقہہ لگاکر پہلے اس کا مذاق اڑایا اور پھر کیمرے کے سامنے اس چھوٹے کاروبار کو معافی مانگنے پر مجبور کیا۔