انقرہ : ترکی میں مقامی میڈیا نے جمعہ کو بتایا کہ ترک انٹیلی جنس کی کارروائی میں 8 افراد پر مشتمل ایک گروہ کو پکڑ لیا گیا ہے۔یہ گروہ ترک اسرائیلی (دہری شہریت کے حامل) تاجر یائر گیلر کو ہلاک کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ کارروائی کا مقصد ایرانی سائنس دان فخری زادہ کے قتل پر جوابی کارروائی کرنا تھا۔اس سلسلے میں ترکی کے اخبار ’’ڈیلی صباح‘‘ نے بتایا کہ منصوبے کی ہدف کاروباری شخصیت دفاع اور سیکورٹی میں اپنی سائنسی کامیابیوں کے سبب معروف ہے۔ ایرانی جاسوس نیٹ ورک نے یائر گیلر کی کمپنی کے صدر دفتر اور استنبول میں اس کی رہائش گاہ کی نگرانی کی۔اخبار کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس (موساد) اور ترک انٹیلی جنس کے بیچ انقرہ میں ایک اجلاس ہوا تا کہ قتل کے منصوبے کو ناکام بنایا جا سکے۔ اجلاس کے بعد مذکورہ ترک اسرائیلی تاجر کو ایک محفوظ گھر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈیلی صباح اخبار نے بتایا کہ ایرانی شہری یاسین طاہر نے گیلر کے قتل کی کوشش کی قیادت کی۔ وہ تہران سے اس آپریشن کی نگرانی کر رہا تھا۔ گروپ میں مقامی ایجنٹ بھی شامل تھے۔