تاجر کے گھر پر انکم ٹیکس کا دھاوا ، کروڑہا روپئے ضبط

,

   

نئی دہلی : اترپردیش کے قنوج میں عطر کے تاجر کے مکان پر انکم ٹیکس عہدیداروں نے اتوار کو دھاوا کرکے کروڑہا روپئے کی غیرمحسوب رقم برآمد کی ہے جو بڑے تھیلوں کے علاوہ دیواروں میں تک چھپائی گئی تھی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تاحال 10 کروڑ روپئے برآمد کئے گئے ہیں جبکہ جانچ کا کام ابھی جاری ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ قنوج کے صنعتکار پیوش جین کے کارنپور میں واقع مکان اور دفاتر پر جمعرات اور جمعہ کو بھی ٹیکس چوری کے الزام میں مختلف ایجنسیوں کی جانب سے دھاوے کئے گئے تھے جن میں محکمہ انکم ٹیکس، راست محاصل اور کسٹمس کے سنٹرل بورڈ کے علاوہ گڈس اینڈ سرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) کا انٹلیجنس یونٹ بھی شامل ہے۔ اس دوران کانپور کے مکان سے 8 تھیلوں میں چھپائی گئی غیرمحسوب 177 کروڑ روپئے کی رقم برآمد کی گئی تھی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پیوش جین کے مکان کو مہربند کردیا گیا ہے اور بڑی تعداد میں عہدیداروں کی جانب سے تلاشی کا کام جاری ہے۔ اگرچیکہ سرکاری طور پر انکم ٹیکس دھاوے اور رقم ضبط کرنے کی توثیق نہیں کی گئی ہے تاہم نام پوشیدہ رکھنے کی شرط پر ایک عہدیدار نے بتایا کہ کانپور، گجرات اور ممبئی میں پیوش جین کے مکانات اور دفاتر پر جمعرات سے دھاوؤں کا آغاز کیا گیا ہے۔ قنوج سے متصل کانپور میں فیکٹری پر بھی دھاوا کیا گیا جہاں شیکھا برانڈ کا پان مسالہ اور دیگر تمباکو اشیاء بھی تیار کی جاتی ہیں۔