تاج محل میں تین دنوں تک مفت داخلہ

   

آگرہ : اگر آپ ویک اینڈ پر آگرہ گھومنے کا سوچ رہے ہیں ،تو بتا دیں کہ اس ویک اینڈ پر تاج محل میں داخلہ مفت ہوگا۔ مغل بادشاہ شاہ جہاں کے 368 ویں عرس کے موقع پر آگرہ کے تاج محل میں 17 سے 19 فروری تک داخلہ مفت رہے گا۔اس موقع پر سیاحوں کو شاہ جہاں اور ممتاز کے مقبرے بھی دیکھنے کو ملیں گے جہاں عام دنوں میں لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔عرس کمیٹی کے چیئرمین ابراہیم زیدی نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی شاہجہاں کا عرس 17 فروری سے 19 فروری تک منعقد ہوگا۔ان تین دنوں تک سیاحوں اور مزار پر حاضری دینے والوں کے لیے تاج محل میں داخلہ مفت رہے گا۔غسل کی رسم 17 فروری کو دوپہر 2 بجے شروع ہوگی۔اس کے ساتھ ساتھ 18 فروری کو صندل اور میلاد شریف کی رسم منائی جائے گی۔ 19 فروری کو صبح سے شام تک قل شریف اورچادر پوشی کی رسومات ادا کی جائیں گی۔