نیویارک، 13 جولائی (آئی این ایس) امریکہ کے ہوم لینڈ سیکیورٹی (ڈی ایچ ایس)کے محکمے کی سکریٹری کرسٹی نویم نے کہا ہے کہ وہ فلوریڈا کے ‘الیگیٹر الکاٹراز’ کی طرز پر تارکین وطن کے حراستی مراکز قائم کرنے کے لیے پانچ ریاستوں سے مسلسل بات چیت کر رہی ہیں۔کرسٹی نویم نے ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان پانچ ریاستوں کی قیادت ریپبلکن گورنرز کر رہے ہیں، لیکن انہوں نے ان کے نام ظاہر نہیں کئے ۔انھوں نے ‘الیگیٹر الکاٹراز’ حراستی مرکز کے کامیاب آغاز میں ڈی ایچ ایس کے ساتھ تعاون کے لیے فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس کی بھی تعریف کی۔واضح رہے کہ فلوریڈا ایورگلیڈز میں واقع ڈیڈ-کولیئر ٹریننگ اینڈ ٹرانسمشن ہوائی اڈے کی سائٹ پر 39 مربع میل(100)مربع کلومیٹر پر محیط اس سنٹر کی تعمیر صرف آٹھ دنوں میں کی گئی تھی۔ تارکین وطن کے پہلے گروپ کو جولائی کے شروع میں وہاں رکھا گیا تھا۔یہ مرکز موجودہ امریکی انتظامیہ کی غیر قانونی امیگریشن کے خلاف کارروائی کی کوششوں کا حصہ ہے ۔صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور اُن کے حامیوں نے اس کوشش کی ستائش کی ہے ۔