برلن: اب جرمنی کی کل آبادی 84.7 ملین ہے، جس میں گزشتہ برس تین لاکھ کا اضافہ تارکین وطن کی آمد کے سبب ہوا ہے۔ مشرقی اور مغربی جرمنی میں اتحاد کے بعد سے ملک میں اموات کی شرح پیدائش کی شرح سے بڑھتی رہی ہے۔جرمنی کے وفاقی شماریات کے ادارے نے جمعرات کو بتایا کہ سن 2023 کے دوران جرمنی کی آبادی میں مجموعی طور پر تین لاکھ افراد کا اضافہ ہوا اور سال کے اختتام پر ملک کی کل آبادی 84.7 ملین تھی۔وفاقی شماریات کے دفتر کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے جو ترقی سن 2012 اور سن 2021 کے درمیان درج کی گئی تھی، یہ اوسطاً اسی شرح کے مطابق ہی رہی۔یہ اضافہ سن 2022 کے مقابلے میں کافی کم ہے، تاہم سن 2022 میں تقریباً 1.1 ملین افراد کا غیر معمولی اضافہ اس لیے ریکارڈ کیا گیا تھا، کیونکہ اس برس روس کے حملوں سے فرار ہونے والے یوکرینی باشندوں کی ایک بڑی تعداد جرمنی پہنچی تھی۔جرمنی کے اندر آبادی کے حجم میں بتدریج کمی آتی رہی ہے اور اس لحاظ سے دوسرے برسوں کی طرح ہی آبادی میں اسے اضافے کا اہم عنصر ہجرت کرنے والے لوگوں کا ہے۔
