صحافیوں کو ٹرمپ کی جانب سے دورہ کی دعوت
واشنگٹن ۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ تارکین وطن کو رکھے جانے کے مراکز کو یہ کہہ کر تنقیدوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ وہاں گنجائش سے زیادہ افراد کو رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے غیرانسانی ماحول میں وہ لوگ رہنے پر مجبور ہیں لہٰذا صحافیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ان مراکز کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کی صورتحال کا خود اپنی آنکھوں سے جائزہ لیں۔ نیوجرسی کے موریس ٹاؤن میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ یاد رہیکہ نیویارک ٹائمز اور ال پیسو ٹائمز نے ہفتہ کے روز ایک مضمون شائع کیا تھا جس میں ٹیکساس کے کلنٹ میں واقع بارڈر پٹرول اسٹیشن کا تذکرہ کیا تھا جہاں گنجائش سے زیادہ سینکڑوں بچوں کو گندے کپڑوں کے ساتھ ایسی کوٹھریوں میں رکھا گیا ہے جہاں بیماریاں ان کا مقدر بن سکتی ہیں۔ اس مضمون (اسٹوری) کو ٹرمپ نے جھوٹا قرار دیا تھا۔