طرابلس، 4جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں غیر قانونی تارکین وطن کے مرکز پر ہوئے حملے کو جنگی جرم قرار دیا جا سکتا ہے ۔اقوام متحدہ انسانی حقوق کے ہائی کمشنر مشیل بیشلیٹ نے کہا کہ لیبیا میں حکومت کی طرف سے چلائے جا رہے حراستی مراکز میں ہزاروں تارکین وطن رکھے گئے ہیں۔ اس مرکز پر منگل کو فضائی حملہ کیا گیا اور لیبیا میں جاری لڑائی میں شامل ہر پارٹی کو یہ معلوم تھا کہ اس مرکز میں عام لوگ رہتے ہیں. ایسے میں اس حملے کو جنگی جرائم قرار دیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوسری بار ہے جب کسی پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا گیا ہے . بیشلیٹ نے بتایا کہ اس حملہ میں 44 افراد ہلاک اور کم از کم 130 زخمی ہو ئے ۔ لیبیائی حکومت اس حملے کا الزام جنرل خلیفہ حفتار کی قیادت والی سیکورٹی فورسز پر لگا رہی ہے ۔