تاریخی جرمن فنڈ کیلئے سیاسی جماعتیں متفق

   

برلن : جرمنی میں انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے 500 بلین یورو کے نئے قرض کے ساتھ ایک تاریخی فنڈ کے قیام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ متوقع چانسلر فریڈرش میرس نے اتفاق رائے کے بعد کہا، ’’جرمنی واپس آ گیا ہے۔‘‘ جرمنی میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے مقابلے کے لیے 100 بلین یورو کے ایک پیکج پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ یہ پیکج ملکی انفراسٹرکچر اور تحفظ ماحول سے متعلق 500 بلین یورو مالیت کے ایک نئے لیکن تاریخی فنڈ کا حصہ ہو گا۔ جرمن دارالحکومت برلن سے جمعہ 14 مارچ کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق نئے ریاستی قرضوں کی صورت میں اس بہت بڑے مالیاتی پیکج کا مقصد یورپ کی سب سے بڑی معیشت کے طور پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے مقابلے کے لیے کافی وسائل مہیا کرنا ہے، جس دوران ملکی بنیادی ڈھانچے کو بھی جدید تر بنایا جائے گا۔ اس نئے فنڈ کی مجموعی مالیت تقریبآ 500 بلین یورو ہے، جن میں سے قریب 100 بلین یورو اس پیکج کے ماحولیاتی حصہ کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ اس پیکج کی منظوری کے لیے ابھی تک کام کرنے والی گزشتہ منتخب بنڈس ٹاگ میں بھر پور کوششیں کی جا رہی تھیں۔ اس تاریخی پیکج کے لیے قدامت پسندوں کی یونین جماعتیں، کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) اور کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) نگران وفاقی چانسلر اولاف شولس کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھے ہوئے تھیں۔ ماحول پسندوں کی گرین پارٹی کے پارلیمانی حزب کو تاہم اعتراض تھا اور وہ آج جمعہ تک اس پیکج کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اس کی پارلیمانی حمایت سے انکاری تھا۔ تاہم ان مذاکرات میں سی ڈی یو، سی ایس یو، ایس پی ڈی اور گرین پارٹی کے مابین اب اتفاق رائے ہو گیا ہے اور نصف ٹریلین یورو مالیت کے اس نئے ریاستی فنڈ کے قیام کی پارلیمانی منظوری کے لیے سیاسی اتفاق رائے کی صورت میں ایک بڑی رکاوٹ عبور کر لی گئی ہے۔