تاریخی شہر حیدرآباد ’ کھانا خزانہ ‘ کے میدان میں سرفہرست

,

   

شلپا رامم کے قریب کلاوڈ ڈائننگ ریستوران کی تیاری ، منفرد ایڈونچر
حیدرآباد۔یکم۔نومبر(سیاست نیوز) شہر میں کھانوں کے شوقین کی تعداد کم نہیں ہے بلکہ یونیسکو نے تو اب شہر حیدرآباد کو کھانا خزانہ کے معاملہ میں ہی درج فہرست شہر قرار دے دیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں مختلف انواع و اقسام کے کھانوں کے علاوہ اب کھانے کے طریقہ کار اور انداز کو بھی تبدیل کیا جانے لگا ہے۔ جلد ہی شہریان حیدرآباد آسمانی فضاء میں اپنے کھانے کا لطف لے سکیں گے۔شلپا رامم کے قریب اب کلاؤڈ ڈائننگ یعنی بادلوں کے درمیان کھانے کے تجربہ کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ شلپارامم کے قریب تیار کئے جانے والے اس ریستوراں کا بہت جلد آغاز ہونے جا رہا ہے اور اس ریستوراں کے آغاز کے بعد شائقین خورد ونوش کو کھانے کا ایک منفرد تجربہ ہوگا۔بتایا جاتا ہے کہ شلپارامم کے قریب تیار کی جانے والی اس کلاؤڈ ڈائیننگ ریستوراں میں 26افراد کے بیک وقت بیٹھنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے جو کہ سطح زمین سے 160 فیٹ اوپر کھانے سے لطف اندوز ہوسکیں گے ۔ اسی طرح زمین پر موجود ریستوراں میں 150 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے ۔ کھلے آسمان میں معلق لنچ اور ڈنر سے لطف اندوز ہونے کے اس منفرد ایڈوینچر کے سلسلہ میں ڈائریکٹر ہوٹل ترون کولی نے بتایا کہ کلاؤڈ ڈائننگ کیلئے جو گاہک خواہش کریں گے انہیں کرین کے ذریعہ 160 فیٹ اوپر پہنچایا جائے گا اور ان کے اس اونچائی پر تحفظ کا خصوصی خیال رکھا جائے گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر حیدرآباد میں منفرد طرز کا یہ ہوٹل ہندستان میں پہلا ہے اور توقع ہے کہ اس ہوٹل کو زبردست عوامی پذیرائی حاصل ہوگی کیونکہ ہندستان میں اس طرح کا تجربہ پہلا ہے جہاں شائقین خورد و نوش اپنی غذاء معلق ریستوراں میں استعمال کریں گے اور اس کے ساتھ انہیں لائیو میوزک کا بھی اہتمام رہے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ دونوں ریستوراں میں بفیٹ کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور فضاء میں جو کھانا سربراہ کیا جائے گا

زمین پر بھی وہی مینو ہوگا لیکن فضائی ریستوراں میں کھانے کا شوق پورا کرنے والوں کیلئے یہ ایک زرین موقع ہوگا اور بہترین تجربہ ثابت ہوگا کیونکہ وہ جس ہوٹل میں زمین کی سطح سے 160 فیٹ اوپر بیٹھے کھانا کھا رہے ہوں گے اس میں نیچے اور اوپر شیڈ ہوگا جبکہ اطراف سے یہ کھلی فضاء ہوگی لیکن اسے بھی محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔حیدرآباد میں ایڈوینچر کے دلدادہ افراد کے لئے اب یہ مقام ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا کیونکہ اس سے قبل دنیا کے دیگر ممالک میں بھی یہ سہولت موجود تھی۔