مرکزی وزارت ماحولیات و جنگلات کا حکمنامہ ۔ ڈاکٹرس سے معائنہ اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 12 جولائی ( سیاست نیوز ) حیدرآباد کے تاریخی علم بی بی کے جلوس کیلئے ہاتھی کا حصول غیر یقینی کیفیت کا شکار ہوتا نظر آ رہا ہے ۔ وزارت ماحولیات و جنگلات حکومت ہند نے چیف وائلڈ لائیف وارڈن حکومت کرناٹک کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیدرآباد میں تاریخی بی بی کے علم کیلئے کرناٹک داونگیر سے ہاتھی روپ وتی کو منتقل کرنے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اسے فی الحال معرض التواء میں رکھا جائے ۔ آئی جی ایف ( پی ٹی اینڈ ای ) و ڈائرکٹر پراجیکٹ ایلیفنٹ رمیش کمار پانڈے کے دستخط سے جاری مکتوب میں کرناٹک کے چیف وائلڈ لائیف وارڈن سے کہا گیا ہے کہ مرکزی وزارت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ہاتھی روپ وتی مختلف عارضوں کا شکار ہے اور وہ کرناٹک سے حیدرآباد منتقل کئے جانے کے موقف میں نہیںہے ۔ اس صورتحال میں یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وٹرنری ڈاکٹرس کی ایک ٹیم کے ذریعہ ہاتھی کے تفصیلی معائنے کروائے جائیں اور فوری طور پر رپورٹ وزارت ماحولیات و جنگلات کو پیش کی جائے ۔ ہاتھی کے معائنہ اور رپورٹ کی پیشکشی تک کیلئے وزارت نے کہا کہ ہاتھی کی تلنگانہ حیدرآباد منتقلی کے احکام کو معرض التواء میں رکھا جائے ۔ وزارت نے کہا کہ اس منتقلی کیلئے سپریم کورٹ سے تشکیل اعلی اختیاری کمیٹی کی اجازت اور منظوری بھی حاصل کی جانی چاہئے ۔