تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور آہک پاشی کے اقدامات

   

تزئین نو اور مرمت کے لیے ماہرین سے سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کی مشاورت
حیدرآباد۔26 نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں موجود تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور ان کی آہک پاشی کیلئے سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار سرگرم ہوچکے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ وہ شہر کی بیشتر تاریخی عمارتوں کی تزئین نو اور مرمت کے لئے ماہرین کے ساتھ مشاورت کررہے ہیں۔مسٹر اروند کمار جو کہ شہر کی تاریخی عمارتوں سے دلچسپی رکھنے والی شخصیت ہیں ان کی جانب سے شہر میں کلاک ٹاؤرس کی تزئین نو کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کئے گئے اور اب وہ آغاخان ٹرسٹ کے تعاون و اشتراک اور ان کے ماہرین آثار قدیمہ کی خدمات کے حصول کے سلسلہ میں سرگرم ہوچکے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ وہ بہت جلد عثمانیہ دواخانہ کے مرمتی و تعمیری کاموں کے ساتھ اس تاریخی عمارت کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے آغاخان ٹرسٹ کے ماہرین آثار قدیمہ کے ہمراہ معادہ کرتے ہوئے اس عمار ت کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کریں گے علاوہ ازیں انہوں نے عہدیداروں کو شہر حیدرآباد کی دیگر تاریخی عمارتوں کی نشاندہی کرواتے ہوئے اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ ان تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے سلسلہ میں بھی اقدامات کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کریں اور حکمت عملی تیار کرتے ہوئے رپورٹ حکومت کو پیش کریں۔ مسٹر اروند کمار کی شخصی دلچسپی کے باعث شہر کے تہذیبی ورثہ کو تحفظ حاصل ہورہا ہے۔