چیف منسٹر ریونت ریڈی قومی پرچم لہرائیں گے، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست کو تاریخی قلعہ گولکنڈہ پر منعقد ہونے والی تقاریب کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی تاریخی گولکنڈہ پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ قبل ازیں صبح میں وہ شہید فوجیوں کی یادگار پہنچ کر خراج پیش کریں گے ۔ چیف سکریٹری نے آج سکریٹریٹ میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ یوم آزادی تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے تمام سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تال میل کے ذریعہ موثر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ یوم آزادی تقاریب شایان شان انداز میں اور مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ منعقد کی جائیں۔ چیف سکریٹری نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی کہ تفصیلی ٹریفک روٹ میاپ تیار کریں تاکہ تاریخی گولکنڈہ قلعہ کے اطراف اہم شخصیتوں اور مدعوئین کے علاوہ عوام کے لئے پارکنگ اور ٹریفک کے بہتر بہاؤ کے انتظامات کئے جاسکے۔ تمام اہم مقامات پر سیکوریٹی کے مناسب انتظامات کئے جائیں اور ٹریفک پولیس کے عملہ کو تعینات کیا جائے۔ محکمہ آر اینڈ بی کو قلعہ گولکنڈہ اور دیگر اہم سرکاری عمارتوں کی سجاوٹ اور روشنی کے انتظام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ تلنگانہ اسمبلی ، ہائی کورٹ ، راج بھون ، سکریٹریٹ ، تلنگانہ تلی مجسمہ اور دیگر اہم مقامات کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا ۔ تلنگانہ کی تہذیب کی عکاسی کیلئے کلچرل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مختلف تہذیبی پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ گولکنڈہ قلعہ میں تقریب سے قبل کلچرل پروگرام پیش کیا جائے گا۔ فائر سرویسز ڈپارٹمنٹ کو فائر بریگیڈ اور دیگر احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے ۔ محکمہ برقی کی جانب سے بلا وقفہ سربراہی کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ چیف سکریٹری نے سرکاری محکمہ جات سے کہا کہ وہ بہتر تال میل کے ذریعہ یوم آزادی تقاریب کو شاندار اور مثالی بنائیں۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر ، اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج ، پرنسپل سکریٹری ریونیو نوین متل ، اسپیشل کمشنر اطلاعات پرینکا ، کلکٹر حیدرآباد ہری چندنا اور دوسروں نے شرکت کی۔1