تاریخی ’مغل گارڈن‘ کا نام تبدیل، ’امرت اْدیان‘ کر دیا گیا

   

نئی دہلی :راشٹرپتی بھون میں موجود مشہور مغل گارڈن کا نام بدل دیا گیا ہے۔ اب اسے ’امرت ادیان‘ کے نام سے جانا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مغل گارڈن کا نام ’امرت مہوتسو‘ کے تحت بدلا گیا ہے۔ حالانکہ کئی لوگ اسے مسلم ناموں والے مقامات کا نام تبدیل کرنے والے سلسلہ کی نئی کڑی تصور کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ مغل گارڈن ہر سال عام لوگوں کے لیے ایک بار کھولا جاتا ہے اور اس سال بھی 31 جنوری سے یہ گارڈن کھلے گا۔ لیکن اب اسے مغل گارڈن کی جگہ امرت اْدیان کے نام سے جانا جائے گا۔ اس باغیچے میں لوگ ٹیولپ اور گلاب کی مختلف قسموں کے پھول دیکھنے پہنچتے ہیں اور لوگوں کو اس کے کھلنے کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔راشٹرپتی بھون میں موجود اس باغیچہ میں برطانوی اور مغل دونوں دور کے باغیچوں کی جھلک دیکھنے کو ملتی ہے۔ اسے بنانے کے لیے ایڈوِن لوٹینس نے پہلے ملک و بیرون ممالک کے باغیچوں کی تحقیق کی تھی۔ اس باغیچہ میں پودا روپنے میں ہی تقریباً ایک سال کا وقت لگا تھا۔بہرحال، حکومتیں وقتاً فوقتاً کئی جگہوں کا نام بدلتی رہی ہیں۔ خصوصاً 2014 کے بعد جب سے مرکز میں بی جے پی کی حکومت تشکیل پائی ہے اور اتر پردیش میں یوگی حکومت برسراقتدار ہوئی ہے، کئی شہروں، مقامات، ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ کے مسلم ناموں کو بدلا گیا ہے۔