تاریخی مقامات کی نمائش سے طلباء کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر

   

گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں نمائش، پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کا خطاب

ظہیرآباد ۔ 15 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آبادکی جانب سے جاری ایک پریس نوٹ کے بموجب کالج کے شعبہ تاریخ کی جانب سے ایک روزہ تاریخی مقامات کی نمائش کا کالج کے بی اے اردو تلگواور انگریزی میڈیم طلبا کی جانب سے انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ہندوستان کی تاریخ اور ورثے کو مختلف دستکاری ماڈلس اور چارٹس کے ذریعے پیش کیا گیا۔ اس نمائش میں تلنگانہ کے مذہبی تہوار بتکماں ، میڈارم جاترا ، بونال ، لال قلعہ ، تاج محل ، بی بی کا مقبرہ ، قطب مینار ، انڈومان ، نکوبار ، کالا پانی ، جیل ، قلعہ ، رائے گڑھ بدھ اسٹوپا ، گوتم بدھ وغیرہ جیسے تاریخی مقامات اور واقعات کو تھرموکول ماڈلس اور چارٹس کے ذریعے پیش کیا گیا۔ نمائش کا مشاہدہ کالج کے لیکچررز ڈاکٹر محمد غوث وائس پرنسپل ، ڈاکٹر عائشہ بیگم ، ڈاکٹر سریندر ، ایس راملو ، شکنتلا ، ودیا ساگر ، مظفر ، ناگراج ، جگن موہن ، پریتی ، واجد علی ، کرن مائی اور دیگر نے کیا۔ شعبہ تاریخ کے اساتذہ محمد تنویر اور ستیہ نارائنا نے کالج کے طلباء کو نمائش کی تیاری میں رہنمائی کی۔ اس موقع پر کالج کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ کالج کے شعبہ تاریخ کی جانب سے تاریخی مقامات کی نمائش کا اہتمام خوش آئند بات ہے۔ اس سے کالج کے طلبا کی تخلیقی صلاحتیں اجاگر ہوتی ہیں۔ ہندوستان کثرت میں وحدت والا عظیم ملک ہے جس کی تاریخ اس کے گنگاجمنی ورثے کو اجاگر کرتی ہے ۔ جو قوم اپنی تاریخ سے واقف نہیں وہ ترقی نہیں کرسکتی۔ طلبا کو چاہئے کہ اپنی تاریخ کو یاد رکھیں اور خود تاریخ ساز بنیں ۔ ڈاکٹر محمد غوث وائس پرنسپل ، ودیا ساگر لائبریرین ایس راملو اور دیگر نے طلبا سے خطاب کیا۔ کالج کے پرنسپل نے تاریخی نمائش میں حصہ لینے والے سبھی طلبا کو سند اور انعام دینے کا اعلان کیا۔