تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے انتظامات کو قطعیت

   

سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال کا دورہ، افطار و تراویح کے موقع پر برقی و دیگر انتظامات کا جائزہ، نئی قالینوں کی فراہمی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس نے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ دورہ کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کی ہے۔ تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے دوران روزانہ افطار میں 5 تا 7 ہزار روزہ دار شریک ہوتے ہیں جبکہ پہلے دہے میں تراویح کے موقع پر کئی ہزار نمازی موجود رہتے ہیں۔ افطار اور تراویح کے موقع پر صحت و صفائی کے موثر انتظامات کے علاوہ برقی کی بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ تفسیر اقبال نے کہا کہ مکہ مسجد میں انتظامات کے سلسلہ میں فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے اور رمضان المبارک کے آغاز سے قبل تمام ضروری سامان فراہم کردیا جائے گا ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود یاسمین باشاہ آئی اے ایس، رکن اسمبلی چارمینار میر ذوالفقار علی ، صدرنشین اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی فہیم الدین قریشی ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ اور دیگر عہدیدار دورہ میں شامل تھے۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے رمضان المبارک کے دوران ضروری انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے قالینوں کی تبدیلی، ساؤنڈ سسٹم کو بہتر بنانے ، الیکٹریکل وائرنگ ، ہاؤس کی صفائی اور دیگر امور سے واقف کرایا۔ تفسیر اقبال نے تیقن دیا کہ جلد ہی نئی قالینوں کا انتظام کیا جائے گا اور موجودہ قالینوں کی صفائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ افطار کے انتظامات کے سلسلہ میں 2250 کیلو کھجور الاٹ کئے گئے ہیں۔ مکہ مسجد میں روزانہ تقریباً 7000 روزہ دار افطار میں شریک ہوتے ہیں۔ ٹائلٹس کی مرمت اور صفائی کے انتظامات کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی گئی ہے۔ ڈبلیو سی ، کموڈ اور ٹائلس کو تبدیل کیا جائے گا اور نلوں کی درستگی کا کام انجام دیا جائے گا ۔ عہدیداروں نے مسجد کے اندرونی حصہ کا معائنہ کیا اور افطار اور تراویح کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ تفسیر اقبال نے سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد اور عوامی نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی ضرورت کے لئے عہدیداروں سے ربط قائم کریں۔ مکہ مسجد میں ہر سال کی طرح نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں گے۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں صفائی کیلئے زائد عملہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔1