تاریخی مکہ مسجد میں نماز عیدالفطر اور نماز جمعہ نہیں ہوگی

   

حیدرآباد: لاک ڈاؤن کے باعث تاریخی مکہ مسجد میں نماز عیدالفطر اور نماز جمعہ کا باقاعدہ اہتمام نہیں ہوگا۔ لاک ڈاون کے نفاذ کے بعد ہائی کورٹ کی ہدایت پر تمام مذہبی مقامات پر اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے ۔ دو دن قبل حکومت نے عیدگاہوں کے بجائے مقامی مساجد میں ایک سے زائد جماعتوں کے اہتمام اور کووڈ قواعد کے تحت نماز عیدالفطر کی ادائیگی کا مشورہ دیا تھا ۔ تاہم لاک ڈاون کے نفاذ کے بعد جو گائیڈ لائینس جاری کی گئی ہیں، اس کے مطابق کسی بھی عبادت گاہ میں اجتماعی عبادت کا اہتمام نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت کے فیصلہ کے مطابق تاریخی مکہ مسجد میں نماز عیدالفطر اور جمعہ کا اہتمام نہیں رہے گا۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی کے مطابق گزشتہ لاک ڈاون کی طرح مسجد کے ملازمین 4 تا 5 کی شکل میں نماز ادا کریں گے ۔ عید اور جمعہ کے علاوہ پنجوقتہ نمازوں کے لئے بھی محدود تعداد میں جماعت کا اہتمام کیا جائے گا اور بیرونی افراد کو داخلے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ مکہ مسجد میں تقریباً 12 افراد آخری دہے کے اعتکاف میں ہیں اور چاند رات کو اعتکاف کی تکمیل ہوجائے گی ۔