تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی کام التواء کا شکار

   

بجٹ نہ رہنے محکمہ اقلیتی بہبود کا عذر ۔ مصلیوں کو مشکلات
حیدرآباد 12 اکٹوبر ( سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی کام آخر کب مکمل ہونگے! محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت تاریخی مکہ مسجد کے کاموں کو طویل عرصہ سے زیر التواء رکھ کر تاریخی عمارت کیلئے خطرات پیدا کئے جانے لگے ہیں ۔ اب مکہ مسجد کی اصلی عمارت کے اطراف اندرونی حد بندی کیلئے تعمیر دیوار کی حالت مخدوش ہوچکی ہے اور متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود دیوار کے مرمتی کاموں و مسجد کی سیدھی جانب موجود چھوٹے حوض کی مرمت سے گریز کیا جارہا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے پاس ان معمولی کاموں کیلئے بجٹ نہیں ہے ۔ مصلیان مکہ مسجد بالخصوص وہ مصلیان جو مہاجرین کیمپ سے مسجد پہنچتے ہیں انہیں حوض میں وضو کیلئے مشکلات کا سامنا ہے اور مسجد کے اندرونی حصہ میں حدبندی کی دیوار کے علاوہ راستہ جہاں کسی زمانہ میں مصلیوں کی تعداد زیادہ ہونے پر نماز ادا کی جاتی تھی اب وہ راستہ محفوظ نظر نہیں آتا اور نہ کہیں سے اس کو مسجد کا راستہ تصور کیا جاسکتا ہے کیونکہ مسجد کی بیرونی دیوار جس کی مرمت کیلئے اقدامات کے بعد ملبہ اسی مقام پر چھوڑ دیا گیا تھا اور مرمت کا کام اب تک بھی شروع نہیں کیا ۔ مکہ مسجد پہنچنے والے سیاحوں کے سامان کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جانے سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ اکثر و بیشتر مسجد میں جوتوں کی چوری کی شکایات عام ہوتی ہیں لیکن مکہ مسجد سے سامان چوری کے واقعات معمول کی بات بن چکے ہیں۔ تاریخی مکہ مسجد کے مصلیان جو چارمینار کے راستہ سے مسجد پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں انہیں راستہ پر کوئی جگہ نہ ہونے کے سبب مشکل حالات سے گذر کرمسجد پہنچنا پڑرہا ہے کیونکہ مسجد کے باب الداخلہ تک پہنچنے ٹھیلہ بنڈیوں اور فٹ پاتھ تاجرین و سیاحوں سے تگ ودو سے گذرنا پڑتا ہے جبکہ مہاجرین کیمپ راستہ سے مسجد میں داخل ہونے والوں کو نہ صرف وضو کے مسائل کاسامنا ہے بلکہ اس پر موجود ملبہ اور غیر محفوظ دیوار سے ان کیلئے خطرات پیدا ہونے لگے ہیں۔3