حیدرآباد۔جی ایچ ایم سی نے تاریخی میرعالم ٹینک کے تحفظ اور آبگیر علاقہ میں غیر مجاز قبضوں اور تعمیرات کے خلاف کارروائی کی تیاری کی ہے۔ میئر وجیہ لکشمی نے جی ایچ ایم سی کے علاوہ ایچ ایم ڈی اے اور حیدرآباد واٹر ورکس کے عہدیداروں کے ہمراہ میر عالم جھیل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ آبگیر علاقہ میں بڑے پیمانے پر ناجائز قبضوں پر حکام آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف ناجائز قبضوں کی برخواستگی بلکہ پانی کو گھانس پھوس سے صاف کرتے ہوئے خوبصورت بنانے کی ہدایت دی۔ نہرو زوالوجیکل پارک سے متصل اس خوبصورت جھیل کے چاروں طرف غیر مجاز قبضے ہوچکے ہیں۔ اطراف کے علاقوں میں آبادیوں کیلئے ڈرینج سسٹم موجود نہیں ہے جس کے باعث سیوریج واٹر جھیل میں داخل ہورہا ہے۔ میرعالم جھیل 5.90 مربع کیلو میٹر پر محیط ہے اور گزشتہ چند برسوں میں غیر مجاز قبضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ میئر نے عہدیداروں کو جھیل کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت دی۔