ریاست میں لاک ڈاؤن کے باعث سپرنٹنڈنٹ آثار قدیمہ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ ملک بھر میں آج سے تاریخی و سیاحتی مراکز کو عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے تاہم شہر حیدرآباد کے تاریخی مراکز چارمینار اور قلعہ گولکنڈہ 19 جون تک بند رہیں گے۔ کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے پر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایف آئی) کی جانب سے ملک بھر میں موجود 3693 سیاحتی مقامات اور 60 میوزیمس کو دو ماہ قبل بند کردیا تھا۔ ملک میں کورونا کے کیسیس میں بتدریج کمی کا جائزہ لینے کے بعد محبت کی نشانی تاج محل کے علاوہ دوسرے سیاحتی مراکز کو آج سے عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے سیاحتی مقامات کو سیاحوں کے لئے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ریاستی حکومتوں کو یہ بھی اختیار دیا ہیکہ وہ اپنے اپنے ریاستوں میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سیاحتی و تاریخی مقامات کو عوام کے لئے کھولنے کا قطعی فیصلہ کریں۔ تلنگانہ میں شام 5 بجے سے لاک ڈاؤن ہے۔ تجارتی سرگرمیاں بند کرکے شام 6 بجے تک گھر جانے کی اجازت ہے۔ سیاحوں اور عوام کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیتے ہوئے 19 جون تک تاریخی چارمینار قلعہ گولکنڈہ کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی محکمہ آثار قدیمہ کے سپرنٹنڈنٹ سمیتا ایس کمار نے بتایا کہ اس مسئلہ پر کلکٹرس سے مشاورت کے بعد 19 جون تک چارمینار، قلعہ گولکنڈہ اور ورنگل کے قلعہ کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات میں مزید توسیع دینے پر تاریخی و سیاحتی مقامات کو عوام کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔