کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف نے تبدیلی کا وعدہ کیا، پتھر گٹی ڈیویژن میں رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد ۔17۔نومبر (سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے ساتھ ’’چارمینار سگریٹ‘‘ نے مقبولیت حاصل کی تھی اور چارمینار اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کرنے والے سابق میں کئی قائدین نے عوام کو خوش کرنے کیلئے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ وہ چارمینار سے غیر معمولی عقیدت رکھتے ہیں اور چارمینار سگریٹ ان کی پسند ہے۔ اس تاریخی عمارت سے موسوم اسمبلی حلقہ چارمینار کی انتخابی مہم شدت اختیار کرچکی ہے اور کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف کو رائے دہندوں کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ مجیب اللہ شریف پیشہ کے اعتبار سے وکیل ہیں اور حیدرآباد کی تہذیب اور روایات کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ چارمینار اسمبلی حلقہ بلدی ، برقی اور آبرسانی کے مسائل سے پر ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو ایسے نمائندہ کی تلاش ہے جو ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہو۔ مقامی جماعت نے ہمیشہ اس حلقہ سے قابلیت سے زیادہ وفاداری کی بنیاد پر امیدواروں کو میدان میں اتارا جس کے نتیجہ میں مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ چارمینار اسمبلی حلقہ میں یوں تو بی آر ایس اور بی جے پی نے بھی اپنے امیدوار کھڑا کئے ہیں لیکن اصل مقابلہ قومی اور مقامی سیاسی پارٹیوں کے درمیان ہے۔ مجیب اللہ شریف ہر بلدی وارڈ میں مقامی کانگریس قائدین کے ہمراہ گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کا انتخابی منشور پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو بھروسہ دلایا کہ کانگریس حکومت کی تشکیل کے ایک سال میں دو لاکھ مخلوعہ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر خاتون کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت رہے گی اور ماہانہ 2500 روپئے وظیفہ دیا جائے گا ۔ آسرا پنشن کو 4000 روپئے تک اضافہ کرنے کا کانگریس نے فیصلہ کیا ہے۔ مجیب اللہ شریف نے کہا کہ طلبہ کیلئے کانگریس حکومت تعلیمی امداد فراہم کرے گی اور غریبوں کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے تک کا علاج مفت کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کے آغاز کا تیقن دیا۔ مجیب اللہ شریف روزانہ ایک بلدی ڈیویژن میں دورہ کر رہے ہیں اور آج انہوں نے پتھر گٹی ڈیویژن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔