نامپلی کی مساجد سے آغاز ، کشن ریڈی سے نمائندگی کا فیصلہ
حیدرآباد۔25۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے تاریخی چارمینار کی مسجد میں عبادت کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے دستخطی مہم کا آغاز کیا ہے۔ نامپلی کے سینئر لیڈر محمد فیروز خاں اور محمد راشد خاں نے آج نماز جمعہ کے بعد نامپلی اسمبلی حلقہ کی مختلف مساجد کے پاس دستخطی مہم کا آغاز کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی محکمہ آرکیالوجیکل سروے اور آثار قدیمہ سے بارہا نمائندگی کے باوجود چارمینار کی مسجد کو آباد کرنے کے بارے میں کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ گزشتہ ایک سال سے نماز کی اجازت کیلئے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور محکمہ آثار قدیمہ سے بارہا نمائندگی کی جاچکی ہے۔ فیروز خاں نے بتایا کہ طویل عرصہ سے غیر آباد مسجد کے بارے میں جی کشن ریڈی نے عبادت کی اجازت دینے کا زبانی تیقن دیا تھا لیکن تحریری طور پر متعلقہ محکمہ کو کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔ راشد خاں جنہوں نے تاریخی مسجد کو آباد کرنے کی مہم کے تحت احتجاج بھی منظم کیا تھا، بتایا کہ دستخطی مہم کا مقصد مرکزی حکومت کو مسلمانوں کے جذبات سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح چارمینار کے دامن میں مندر میں عبادت کی اجازت دی گئی ہے، اسی طرح مسلمانوں کو مسجد میں نماز کی اجازت دی جائے ۔ دستخطی مہم آئندہ جمعہ تک جاری رہے گی اور مسلمانوں کو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ دستخطوں کے ساتھ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں سے نمائندگی کی جائے گی۔ ر