مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی سے نمائندگی
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جی کشن ریڈی نے تاریخی چارمینار کی مسجد میں نماز کی اجازت کے مسئلہ پر عہدیداروں سے بات چیت کا تیقن دیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری محمد راشد خاں نے مرکزی وزیر سے ملاقات کی اور یادداشت پیش کی۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں سے شہر کے مسلمان تاریخی چارمینار کی مسجد میں نماز کی اجازت کی درخواست کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں آرکیالوجیکل سروے کے عہدیداروں کو حیدرآباد اور دہلی میں نمائندگی کی گئی لیکن اس سلسلہ میں فیصلہ باقی ہے۔ یادداشت میں کہا گیا کہ محمد قلی قطب شاہ نے 1591 میں تاریخی عمارت تعمیر کی تھی۔ کئی برسوں تک مسجد میں نماز ادا کی گئی لیکن آرکیالوجیکل سروے کے تحت انتظامات کرنے کے بعد نامعلوم وجوہات کی بناء پر مسجد کو بند کردیا گیا۔ راشد خاں نے بتایا کہ کسی بھی مسجد میں از روئے شریعت پانچ وقت کی نماز کی ادائیگی لازمی ہے۔ انہوں نے کشن ریڈی سے خواہش کی کہ چارمینار کی مسجد میں چند افراد کو باقاعدگی کے ساتھ نماز کی ادائیگی کی اجازت دی جائے۔ مسجد میں موجود گنجائش کے مطابق مسلمان نماز ادا کریں گے۔ کشن ریڈی نے اس نمائندگی کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں سے بات چیت کا تیقن دیا۔ر