آر سی کنتیا نے پرچم لہرایا، ڈاکٹر ایم کرشن کو سد بھاؤنا ایوارڈ
حیدرآباد۔/19 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا یادگار کمیٹی کے صدر جی نرنجن کی قیادت میں آج تاریخی چارمینار کے دامن میں راجیو سد بھاؤنا یاترا کی 29 ویں سالانہ تقریب منعقد ہوئی۔1990 میں آج ہی کے دن آنجہانی راجیو گاندھی نے تاریخی چارمینار کے دامن میں کانگریس کا پرچم لہراتے ہوئے شہر میں سد بھاؤنا یاترا کا آغاز کیا تھا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے قومی پرچم لہرایا اور راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قومی یکجہتی اور سد بھاؤنا کے فروغ کیلئے راجیو گاندھی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ہندوستان کو ٹکنالوجی کے شعبہ میں ترقی دینا راجیو گاندھی کا کارنامہ ہے۔ پنچایت راج اداروں کو مستحکم کرتے ہوئے راجیو گاندھی نے کئی قدم اٹھائے تھے۔ آر سی کنتیا نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے تحفظ کیلئے کانگریس پارٹی ہمیشہ جدوجہد کرتی رہی۔ اس موقع پر مجاہد آزادی اور عثمانیہ ہاسپٹل کے سابق سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اے گوپال کرشن کو سدبھاؤنا ایوارڈ عطاء کیا گیا۔ اس تقریب میں سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار جی سدھیر، مجاہد آزادی بابو راؤ ورما، رکن راجیہ سبھا ایم اے خان، رکن اسمبلی سریدھر بابو، سابق ارکان اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی، ومشی چندرریڈی، پی وشنو وردھن ریڈی، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو، این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ اور دوسروں نے شرکت کی۔ تقریب سے قبل بین مذہبی دعائیہ اجتماع منعقد ہوا۔