!!تاریخی چارمینار کے دامن میں سرکردہ ہوٹل گروپ کی سرگرمیاں

   

سردار محل اور دیگر عمارتوں کی تزئین نو کے اقدامات، عمارتوں کی حوالگی کا بھی امکان
حیدرآباد۔19 ستمبر(سیاست نیوز) ملک کے سرکردہ ہوٹل گروپ نے چارمینار کے دامن میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جلد ہی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور چارمینار کے اطراف و اکناف موجود تاریخی عمارتوں کی اہمیت کو نظر میں رکھتے ہوئے ملک کے سرکردہ گروپ کی جانب سے چارمینار کے دامن میں موجود تاریخی عمارت میں ہوٹل کے قیام کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سردار محل کی تزئین نو کے اقدامات کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اس تاریخی عمارت میں دلچسپ سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔ جاریہ سال کے ابتداء میں اعلیٰ عہدیداروں نے اس 121 سالہ قدیم پیالس کا دورہ کرتے ہوئے اس کی آہک پاشی اور تزئین نو کے کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں اقدامات کا اعلان کیا تھا لیکن اس سلسلہ میں تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی لیکن اس یہ بتایا جا رہاہے کہ جلد ہی سردار محل کے علاوہ چارمینار کے دامن میں موجود تاریخی عمارتوں کی تزئین نو کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں خانگی گروپ سے جاری مذاکرات اب قطعی مراحل میں پہنچ چکے ہیں۔ تلگو دیشم دور حکومت میں چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے چارمینار کے قریب موجود اس تاریخی عمارت میں فوڈ کورٹ کے قیام کے منصوبہ کا اعلان کیا تھا اور چارمینار کے اطراف و اکناف میں نائٹ بازار کی منظوری کے اقدامات کا تیقن دیا تھا لیکن ان اعلانات پر عمل آوری نہیں ہوسکی تھی اور اس کے بعد کانگریس دور حکومت میں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے سردار محل میں فوڈ کورٹ کے منصوبہ کو ترک کردیا تھا بعد ازاں سردار محل کی مخدوش صورتحال کو دیکھتے ہوئے ساؤتھ زون زونل کمشنر کے دفتر کومنتقل کرنے کے اقداما ت کئے گئے اور چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت سردار محل میں شہر حیدرآباد کی تصویری نمائش اور میوزیم کے قیام کے منصوبہ کا اعلان کیا گیا تھا، جاریہ سال کے اوائل میں محکمہ بلدی نظم ونسق کے عہدیداروں نے سردار محل کے ساتھ چارمینار کے اطراف و اکناف کے علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اس بات کا اعلان کیا تھا کہ جلد ہی سردار محل میں دلچسپ سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دلچسپ سرگرمیوں سے مراد چارمینار کے دامن میں سرکردہ ہوٹل گروپ کی جانب سے ہوٹل کے قیام کا منصوبہ ہے۔ محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی واضح اعلان نہ کئے جانے اور مرمتی کامو ںکے آغاز کے سلسلہ میں ٹنڈر طلب نہ کئے جانے کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جانے لگی ہیں کہ جس خانگی گروپ کو یہ پیالس حوالہ کیا جائے گاوہ اپنی نگرانی میں اس کی تزئین نو اور اپنے ضرورت کے لحاظ سے اس میں ترمیم کرے گا۔جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ 2019 تک بھی سردار محل کو میوزیم بنائے جانے کا منصوبہ تھا لیکن جاریہ سال کے اوائل میں اس منصوبہ میں ترمیم کی گئی ہے لیکن اب تک اس بات کی توثیق نہیں کی گئی ہے کہ اسی تاریخی عمارت کو ہوٹل گروپ کے حوالہ کیا جائے گا یا اس عمارت کی تزئین کے عوض میں کوئی اور عمارت حوالہ کی جائے گی۔ سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار جو کہ تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور ان کی تزئین میں شخصی دلچسپی رکھتے ہیں ان کی نگرانی میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تمام زیر التواء کاموں کو مکمل کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ مسٹر اروند کمار نے چارمینار کے دامن کے علاوہ اطراف و اکناف میں موجود تمام تاریخی عمارتو ںکے لازمی تحفظ اور تزئین کے لئے سخت احکامات دیئے ہیں۔ M