تاریخی چارمینار کے دامن میں کانگریس کا منفرد احتجاج

   

راہول گاندھی کے خلاف کارروائی کی مذمت، عوام کانگریس کے ساتھ
حیدرآباد۔31۔مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے قائد راہول گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کئے جانے کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج تاریخی چارمینار کے دامن میں منفرد احتجاج منظم کیا۔ جمہوریت کیلئے یوم سیاہ کے عنوان سے ایک بڑا بیانر تیار کیا گیا تھا ۔ صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی اور اڈانی کمپنیوں کو بچانے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ کانگریس قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے خلاف قومی سطح پر کانگریس کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔ احتجاج میں انچارج حلقہ اسمبلی چار مینار مجیب اللہ شریف ایڈوکیٹ ، کلیم بابا (بہادر پورہ) ، سی سرینواس جنرل سکریٹری ، مرزا عسکری بیگ ، شہباز خاں ، محمد احمد ، اسلم شریف، محمد اسد ، محمد عامر ، محترمہ تحسین صدر مہیلا کانگریس حیدرآباد اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ اس موقع میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمیر ولی اللہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک میں جمہوریت کے تحفظ کے لئے قومی سطح پر جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی آواز کچلنے کیلئے مودی حکومت نے راہول گاندھی کو نشانہ بنایا۔ پارلیمنٹ میں اڈانی۔مودی رشتوں کو بے نقاب کرنے کے بعد عدالتی کارروائی میں تیزی پیدا کرتے ہوئے راہول گاندھی کو سزا کا اعلان کیا گیا ۔ اندرون 24 گھنٹے لوک سبھا کی رکنیت ختم کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام راہول گاندھی کے ساتھ ہیں اور آئندہ انتخابات میں بی جے پی کا صفایا ہوگا ۔ ر