تاریخی کٹورہ حوض کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے اقدامات

,

   

Ferty9 Clinic

سیاست کی خبر کا اثر
جی ایچ ایم سی نے 3.60 کروڑ روپئے منظور کئے، کشتی چلانے کی بھی تجویز

حیدرآباد : تاریخی کٹورہ حوض کی عظمت رفتہ بحال کرنے کیلئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے 3.60 کروڑ روپئے منظور ہوئے اور بہت جلد ترقیاتی کاموں کے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ قلعہ گولکنڈہ کے دامن میں موجود تاریخی کٹورہ حوض کئی برسوں سے نظر انداز کرنے کے بعد خستہ حالت میں تبدیل ہوگیا تھا۔ گزشتہ سال کی 100 سالہ ریکارڈ بارش اور سیلاب سے کٹورہ حوض کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔ روزنامہ سیاست اور ٹیلی ویژن کی جانب سے کٹورہ حوض کی خستہ حالت سے خبریں شائع و نشر کرتے ہوئے مسلسل ارباب مجاز کو توجہ دلائی جارہی ہے ۔ 13 فروری 2019 اور 5 جنوری 2021 ء کو بھی کٹورہ حوض کی تاریخی اہمیت اور موجودہ خستہ صورتحال پر توجہ دلائی گئی جس کا اثر یہ ہوا ہے کہ محکمہ بلدی نظم و نسق اور جی ایچ ایم سی نے اس پر فوری توجہ دی اور کٹورہ حوض کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے 3.60 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے بتایا کہ بہت جلد کٹورہ حوض کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا ۔ کٹورہ حوض میں 4 بورویلز کھودے جائیں گے ۔ مٹی اور کچرے کی صفائی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے ۔ کٹورہ حوض کے اطراف لائیٹوں سے سارے علاقہ کو روشن کردیا جائے گا ۔ خوبصورتی کو بحال کرنے کیلئے مختلف ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے ۔ کشتی چلانے کے کاموں کا بھی عہدیداروں کی جانب سے جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے پر قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر وی نرسمہا نے اس فیصلہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کٹورے حوض کی ترقی کیلئے معیاری کاموں کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا ۔ خوبصورت کٹورہ حوض عوام کیلئے بہت جلد دستیاب ہوجائے گا جس کو دیکھ کر عوام ماضی کی یادوں میں کھو جائیں گے ۔