مرادآباد: مرادآباد کی عظمت وشہرت صرف پیتل کی صنعت سے نہیں بلکہ زبان وادب، تہذیب وتمدن کے مرکز کے طورپر بھی اس شہر کو غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے ۔ معصوم مرادآبادی کی کتاب ‘تاریخ مرادآباد’ تہذیب وثقافت اور زبان و ادب کے حوالے سے مرادآباد پر دستاویزی حیثیت رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے ممتاز صحافی وادیب معصوم مرادآبادی کی تازہ ترین کتاب ‘تاریخ مرادآباد’ کا اجراء کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ معصوم مرادآبادی نے یوں تو اس سے پہلے بھی بہت گراں قدر علمی کام کئے ہیں، لیکن یہ کتاب اپنی جنم بھومی سے ان کی وارفتگی کا جیتاجاگتا ثبوت اور تاریخی کارنامہ ہے ۔مرادآباد کے تاریخی ہیوٹ مسلم انٹر کالج میں تقریب رونمائی کی صدارت کرتے ہوئے استاد الاساتذہ ڈاکٹر حسن احمد نظامی نے کہا کہ معصوم مرادآبادی نے ‘تاریخ مرادآباد’ مرتب کرکے فرض کفایہ ادا کیا ہے ، کیونکہ ابھی تک کسی نے مرادآباد کی تاریخ کو باقاعدہ مرتب ومدوّن کرکے کتابی صورت میں پیش نہیں کیا ہے ۔یہ کتاب ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔
