تاریخ میں کبھی نہیں ہوا کہ ایم ایل اے کو اسمبلی احاطے میں داخل ہونے سے روکا گیا :آتشی

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دینے کی ہمت نہیں ہے ، اس لئے اس نے عام آدمی پارٹی کے ممبران اسمبلی کو اسمبلی احاطے سے باہر کرنے کا راستہ چنا ہے۔ اپوزیشن لیڈر آتشی نے آج کہاکہ جب ہم نے ایوان میں’’جے بھیم‘‘ کے نعرے لگائے تو ہمیں اسمبلی کے احاطے سے باہر پھینک دیا گیا۔ بی جے پی بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر، ان کے نام اور ان کی تصویر سے نفرت کرتی ہے ۔ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اسپیکر کے حکم پر ایم ایل ایز کو اسمبلی احاطے میں داخل ہونے سے روکا گیا ہو۔ اسمبلی کمپلیکس میں وزیر اعلیٰ، وزراء اور اپوزیشن لیڈر کے دفاتر ہوتے ہیں جہاں وہ انتظامی کام انجام دیتے ہیں۔
ایسے میں لوگوں کو اسمبلی کے احاطے میں داخل ہونے سے روکنا غیر قانونی اور غیر جمہوری ہے ۔ بی جے پی حکومت کا یہ رویہ پوری طرح سے آمرانہ ہے ۔ ایسا شرمناک واقعہ ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔آتشی نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ منتخب ایم ایل ایز کو اسمبلی احاطے میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا ہے ۔ آج کا دن جمہوریت کی تاریخ میں سیاہ دھبہ ہے ۔ آج پورا ملک بی جے پی کی آمریت کا مشاہدہ کر رہا ہے کہ کس طرح بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر ہٹائی گئی اور جب عام آدمی پارٹی کے ایم ایل ایز نے ‘جے بھیم’ کے نعرے لگائے تو 21 ایم ایل ایز کو ایوان سے نکال دیا گیا۔ اے اے پی ممبران اسمبلی کو نہ صرف ایوان سے باہر نکال دیا گیا بلکہ دہلی اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار ممبران اسمبلی کو تین تین رکاوٹیں لگا کر اسمبلی احاطے سے 200 میٹر دور روکا گیا۔