ٹورنٹو ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایئر کینیڈا میں کیوبک سے ٹورنٹو تک سفر کرنے والی ایک خاتون مسافر کو عجیب و غریب حالات سے گزرنا پڑا۔ طیارہ جب اپنی منزل مقصود پر پہنچ گیا تو خاتون مسافر جس کا نام ٹفانی آڈمس تھا، نیند لگ جانے سے اپنی نشست پر سوتی ہی رہی۔ یہاں تک کہ اس کا سیٹ بیلٹ بھی لگا ہوا تھا۔ دیڑھ گھنٹے کی فلائیٹ پر خاتون 9 جون کو سوار ہوئی تھی لیکن آنکھ کھلنے کے بعد اس نے طیارہ میں خود کو بالکل اکیلا پایا اور طیارہ میں بالکل اندھیرا تھا۔ ایسا لگتا ہیکہ طیارہ کے عملہ نے لینڈنگ اور مسافروں کے باہر نکلنے کے بعد طیارہ کے اندر دوبارہ چیکنگ کی زحمت گوارہ نہیں کی ورنہ انہیں سوتی ہوئی خاتون ضرور مل جاتی۔ ٹفانی نے بتایا کہ اس کیلئے یہ واقعہ ایک بھیانک خواب تھا۔ بہرحال اپنے سیل فون سے وہ اپنی سہیلی کو فون کرنے میں کامیاب ہوگئی لیکن سیل فون کی چارجنگ بھی اسی وقت ختم ہوگئی جس کی وجہ سے صرف ایک منٹ ہی بات ہوسکی۔ دریں اثناء ٹفانی کی سہیلی نے ایرپورٹ حکام کو مطلع کردیا۔ ٹفانی کو طیارہ کے کاک پٹ میں ایک ٹارچ مل گئی جس کے ذریعہ اس نے کھڑکی سے ٹارچ دکھانی شروع کی اور زمین پر ایک لگیج گاڑی آپریٹر کی نظر اس پر پڑ گئی۔ وہ خود بھی خاتون کو طیارہ میں دیکھ کر حیران تھا۔ آپریٹر نے سیڑھی کا انتظام کرکے ٹفانی کو نیچے اتارا۔ ایرکینیڈا حکام اس واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔