محکمہ جاتی عہدیداروں اور عملہ کو مکمل چوکس رہنے نظام آباد ضلع کلکٹر کی ہدایت
نظام آباد۔28 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع میں موسلا دھار بارش کے امکانات کے پیش نظر ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں اور عملہ کو مکمل چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں، دیہاتوں اور تنڈوں میں عوام کو متنبہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی واقعہ سے بچا جا سکے۔کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی نے آج صبح کمشنر پولیس مسٹر سائی چیتنیا کے ساتھ ضلع میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ مقامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث تالابوں اور نالوں میں شگاف، رہائشی علاقوں میں پانی کی آمد، سڑکوں کو نقصان، برقی کھمبوں کے گرنے اور ٹرانسفارمروں کے بہہ جانے جیسے مسائل سامنے آرہے ہیں۔ ان حالات پر نظر رکھتے ہوئے فوری ریلیف اقدامات کیے جائیں۔ خطرہ والے دیہات اور نچلے علاقوں کے عوام کو فوری طور پر ریلیف کیمپوں یا محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات دیے گئے۔کلکٹر نے ہدایت دی کہ برقی کی سربراہی منقطع ہونے والے دیہات میں فوری برقی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام محکمہ جات کے ملازمین کو اپنے اپنے اسٹیشن پر موجود رہنے اور زمینی حالات پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ عوام کو لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعہ باخبر کیا جائے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی۔ نچلے علاقوں اور سیاحتی مقامات پر عوام کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے اور تالابوں و ندی نالوں میں نہانے یا مچھلی پکڑنے سے سختی کے ساتھ روکا دینے کی ہدایت دی۔کلکٹر نے واضح کیا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں پولیس بندوبست اور پکٹ ڈیوٹی لگائی جائے۔ جے سی بی مشینیں اور ریت کی بوریوں کو تیار رکھا جائے تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔ میونسپل کمشنرس، ایم پی ڈی اوز اور محکمہ آر اینڈ بی، پنچایت راج اور آبپاشی کے عہدیداران کو اس سلسلہ میں سخت ہدایات دی گئی۔ کنٹرول رومز قائم کر کے عوام کو بارش اور سیلاب کی صورتحال سے مسلسل باخبر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔