تالابوں ، کنٹوں،بفرزون اور ایف ٹی ایل کی تیاری : کمشنر حیڈرا

   

مختلف محکمہ جات سے تعاون کا حصول ، بہت جلد تحفظ کے اقدامات : اے وی رنگاناتھ کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ’حیدرا‘ کی تشکیل کے ذریعہ جو مقاصد طئے کئے ہیں ان کو پورا کرنا ’حیدرا‘ کا ہے اور ان مقاصد کے حصول کے لئے ’حیدرا‘ کے عہدیدار پوری طرح سے مستعدی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ کمشنر ’حیدرا‘ مسٹر اے وی رنگاناتھ نے آج اپنے دفتر میں متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران کہا کہ ’حیدرا‘ صرف مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں نہیں بلکہ شہر حیدرآباد کے اطراف 27 بلدیات کے حدودمیں کام کر رہا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ ’حیدرا‘ کی جانب سے تالابوں کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت اب تالابوں اور کنٹوں اور ایف ٹی ایل اور بفر زون میں موجود جائیدادوں کے رجسٹریشن کو روکنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جلد ہی تالابوں کی تمام تر تفصیلات اور ان کے بفر زون اور ایف ٹی ایل کی تیاری عمل میں لاتے ہوئے ان کے احیاء و تحفظ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر اے وی رنگاناتھ نے کہا محکمہ مال ‘ محکمہ آبپاشی ‘ محکمہ بلدی نظم و نسق کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے تعاون سے انجام دیئے جانے والے کاموں کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور ملک میں شہری علاقوں میں ہونے والے اضافہ کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجہ میں موسم باراں کے دوران شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ’حیدرا‘ کی تشکیل ملک میں پہلے اور منفرد ادارہ کی تشکیل ہے اور اس کے مقاصد کے حصول کے لئے وہ مسلسل سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر سہ پہر کے بعد شہر میں 2تا3 سینٹی میٹر بارش بھی ہوتی ہے تو ایسی صورت میں 3تا4 گھنٹے دونوں شہرو ںمیں ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں اور ان مسائل سے نمٹنے کے لئے محکمہ پولیس بالخصوص ٹریفک پولیس کی خدمات حاصل کرنی پڑتی ہے۔ کمشنر ’حیدرا‘ نے عہدیداروں کو بتایا کہ وہ اڈیشنل کمشنر ٹریفک پولیس حیدرآباد کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں بارش کے دوران ٹریفک کے مسائل کا اندازہ ہے ۔ انہو ں نے بتایا کہ شہری حدود میں جملہ 150 ایسے مقامات ہیں جہاں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوتی ہیں اور ان مقامات سے پانی کی نکاسی کے بغیرٹریفک کی آمد و رفت کو بحال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ’حیدرا‘ اب محکمہ موسمیات کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے کام کرے گا اور شہریان حیدرآباد وسکندرآباد کو بارش کی پیش قیاسی کے سلسلہ میں ایس ایم ایس کے ذریعہ یا دیگر ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں بھی شہری علاقوں کو حاصل ہورہے فروغ کو دیکھتے ہوئے ’حیدرا‘ کی جانب سے منصوبہ بندی کی جار ہی ہے۔مسٹر اے وی رنگاناتھ نے کہا کہ شہر حیدرآباد 1 کروڑ 60لاکھ آبادی والا شہر ہے اور شہر میں زائد از 85لاکھ گاڑیاں موجود ہیں ان تمام حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے ’حیدرا‘ کی جانب سے شہر حیدرآباد کو مسائل سے پاک بالخصوص ٹریفک مسائل سے پاک شہر بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔3