نیشنل گرین ٹریبونل کے احکامات پر عمل کرنے کی ہدایت ، چیف سکریٹری کا کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد۔11جولائی (سیاست نیوز) چیف سیکریٹری تلنگانہ مسٹر ایس کے جوشی نے ریاست تلنگانہ کے تمام ضلع کلکٹرس کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے انہیں نیشنل گرین ٹریبونل کی جانب سے جاری کردہ احکاما ت پر عمل آوری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ماحولیات کے تحفظ اور ریاست میں موجود تالابوںکے تحفظ کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق بلدیات کی جانب سے کچہرے کی نکاسی کے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور نیشنل گرین ٹریبونل نے جو ہدایات جاری کی ہیں ان ہدایات پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے ضلع انتظامیہ کو چوکسی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔مسٹر ایس کے جوشی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر قانونی ریت کی نکاسی کے عمل کو سختی سے روکنے کے اقدامات کرتے ہوئے نیشنل گرین ٹریبونل کی سفارشات پر عمل آوری کے لئے اقدامات کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ اور اسے بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں شجرکاری مہم کے علاوہ ندیوں اور تالابوں کو بہتر بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف سیکریٹری نے ویڈیو کانفرنس کے دوران عہدیداروں اور ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ تالابوں‘ کنٹوں اور ندیوں کو نقصان پہنچائے جانے کی شکایات پر فوری کاروائی کرتے ہوئے اقدامات کریں تاکہ شکایت کنندہ کو مزید دوسرے فورم پر شکایت کی ضرورت نہ پڑے ۔ ویڈیو کانفرنس کے دوران مسٹر ایس کے جوشی نے کچہرے کی نکاسی کے علاوہ بائیو ویسٹ کے سلسلہ میں بھی رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو ممکن بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان پر مؤثر عمل آوری کی صورت میں حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔