تالابوں ‘ نالوں اور پارکس پر ناجائز قبضے ‘ شہر میں تباہی کی اصل وجہ

   

سابقہ حکومتیں ذمہ دار۔ حکومت عوام کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ۔ ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس کے منتخب نمائندوں کی پریس کانفرنس

حیدرآباد: ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں نے شہر میں بارش و سیلاب کی راحت کاری کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے 550 کروڑ روپئے جاری کرنے کا خیرمقدم کیا اور 20 اکتوبر سے ہی متاثرین کو راحت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی سرینواس یادو، محمد محمود علی، ملاریڈی، میئر بی رام موہن، ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر، ایم گوپی ناتھ و دیگر قائدین نے یہ بات بتائی۔ وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے کہا کہ تالابوں ‘نالوں اور پارکس پر قبضوں کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ متحدہ آندھرا پردیش حکومتوں میں ناجائز قبضے ہوئے ہیں۔ ان قبضوں کیلئے کانگریس و تلگو دیشم کی حکومتیں ذمہ دار ہیں۔ اب ان لاکھوں قبضوں کو برخاست کرنا ممکن نہیں ہے۔ حیدرآباد میں 112 سال بعد اتنی بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے کئی بستیوں اور کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا ۔ حکومت کی جانب سے جنگی خطوط پر راحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ٹی آر ایس عوامی نمائندے عوامی خدمات میں مصروف ہیں۔ نقصانات کیلئے جو پارٹیاں ذمہ دار ہیں، انہیں کے قائدین حکومت کو تنقید کا نشانہ بناکر اپنی غلطیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں، جنہیں حکومت پر تنقید کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے متاثرین کی حکومت ہر ممکن مدد کرنے تیارہے۔ نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ سرینواس یادو نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے بارش کے نقصانات کی مرکزی حکومت کو رپورٹ پیش کی گئی۔ مرکز سے ایک روپیہ کی اجرائی میںناکام ہونے والے کشن ریڈی کو ریاستی حکومت پر تنقید کا حق نہیں ہے۔ وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ آفات سماوی کے موقع پر قائدین کو سیاست سے بالاتر ہوکر پریشان لوگوں کی مدد کرنی چاہئے مگر اپوزیشن جماعتیں بارش کی تباہی سے بھی سیاسی فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کے ٹی آر کے ساتھ ٹی آر ایس کے وزراء اور عوامی منتخب نمائندے عوام کے درمیان پہنچ کر کام کررہے ہیں۔ وزیر لیبر ملاریڈی نے کہا کہ انہوں نے اپنی پیدائش سے اب تک اس طرح کی بارش نہیں دیکھی۔ چیف منسٹر نے 550 کروڑ روپئے راحتی پیاکیج کا اعلان کیا ہے۔