حیدرآباد، 14ستمبر (یواین آئی)تلنگانہ کے وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو نے کہا ہے کہ تالابوں پر ماہی گیروں کا پورا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کو کم قیمتوں پر درمیانی افراد کو مچھلی فروخت کرکے آمدنی سے محروم نہیں ہونا چاہئے ۔ وزراء سرینواس یادو اور جگدیش ریڈی نے بدھ کو نلگنڈہ ضلع کے کشتا پورم گاؤں میں بڑے تالاب میں چھوٹی مچھلیوں کو چھوڑا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر سرینواس یادو نے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو ایک عظیم لیڈر ہیں جنہوں نے تلنگانہ تحریک کے دوران ریاست تلنگانہ کی ترقی کے لئے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں جو ترقی 65 سال میں نہیں ہوئی وہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد 8 سال میں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں کئی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل کیاجارہا ہے جس کی مثال ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ملتی۔انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ وزیراعلی نے واضح کیا کہ وہ عوام کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔