تالابوں کا احیاء کرنے اور ناجائز قبضوں سے بچانے کیلئے حیڈرا کا قیام

   

صحافت سے ملاقات پروگرام میں کمشنر حیڈرا رنگاناتھ کی وضاحت
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) حیڈرا کے کمشنر رنگاناتھ نے کہا کہ مستقبل کی 100 سالہ حکمت عملی تیار کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کو ترقی دینے، تالابوں کا احیاء کرنے اور ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے کے لئے کام کیا جارہا ہے۔ آج پریس کلب میں صحافت سے ملاقات پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے رنگاناتھ نے کہا کہ حکومت نے سرکاری اراضیات اور جائیدادوں کو بچانے اور شہر میں ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لئے حیڈرا تشکیل دیا ہے۔ ابتداء میں ہماری کارروائیوں کی عوام نے بھرپور ستائش کی تھی لیکن بعد میں چند اعتراضات ہوئے ہیں جس کا جائزہ لینے کے بعد حیڈرا نئے طریقے سے ناجائز قبضوں کو دور کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اب عوام کو حیڈرا کی سرگرمیوں کا پتہ چل گیا ہے اور وہ ہماری تائید کررہے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں حیڈرا آفس کو شکایتیں وصول ہو رہی ہیں جس کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد قوانین کی روشنی میں ناجائز قبضوں کو برخواست کیا جارہا ہے۔ فی الحال 6 تالابوں کا احیاء کیا گیا ہے۔ مختلف تالابوں کے ایف ٹی ایل کو بھی مارک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تالابوں کے اطراف و اکناف اراضیوں کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے چند لوگ اراضیوں پر ناجائز قبضے کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گزشتہ سال حکومت نے جی ایچ ایم سی ایکٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے حیڈرا تشکیل دیا اور ہمیں مختلف اختیارات فراہم کئے۔ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے معاملہ میں بھی حیڈرا غیر معمولی خدمات انجام دے رہا ہے۔ نالوں کو توسیع دینے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بارش نہ ہونے پر حیڈرا کا عملہ نالوں اور مین ہولس کی صفائی کررہا ہے۔ حالیہ دنوں میں تالابوں پر قبضوں کی بہت زیادہ شکایتیں وصول ہو رہی ہیں جن کو حل کیا جارہا ہے۔ 2