تالابوں کے پشتوں کو ٹوٹنے سے بچانے اقدامات کی ہدایت

,

   

خصوصی ٹیموں کی تشکیل پر زور، چیف منسٹر کے سی آر کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اعلی سطحی عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے شہر حیدرآباد میں کسی بھی تالاب کے پشتہ کو ٹوٹنے سے بچانے کیلئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل کی ہدایات جاری کی اور کہا کہ شہر حیدرآباد میں صدی کی سب سے زیادہ بارش کے سبب جو نقصانات ہوئے ہیں ان میں تالابوں کو ہونے والے نقصانات کو فوری مرمت کرتے ہوئے ٹھیک کیا جائے تاکہ کسی اور تالاب کا پشتہ نہ ٹوٹے اور محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو آئندہ 48گھنٹوں کے دوران سخت چوکسی اختیار کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے چیف سیکریٹری محکمہ آبپاشی سے بات چیت کی اور کہا کہ کسی بھی طرح کی کوتاہی نہ ہو اور جہاں کہیں تالاب میں شگاف کے خدشات ہیں ان کی مرمت کو یقینی بنایا جائے۔ عہدیدارو ںنے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو زمینی حقائق سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جملہ 101 تالابوں کو شدید یا جزوی نقصان پہنچا ہے اور ان میں 53تالاب شہر حیدرآباد میں جنہیں شدید بارش اور پانی کے بہاؤ میں شدت کے سبب نقصان پہنچا ہے۔ چیف سیکریٹری اور دیگر عہدیداروں نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو بتایاکہ شہر حیدرآباد میں جن تالابوں کو نقصان پہنچا ہے ان کے مرمتی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے اور جن تالابوں میں قبضہ کئے گئے ہیں ان کے تخلیہ کے اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں۔

چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ شہر حیدرآباد کے مخصوص 15ماہرین کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور ان کو مستعد رکھا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری ان کی خدمات حاصل کی جاسکیں۔ چیف منسٹر کے جائزہ اجلاس کے بعد چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار نے بارش کے متاثرین میں تقسیم کی جانے والی نقد امداد کو پہنچانے کیلئے اختیار کئے جانے والے میکانزم کے متعلق تفصیلات حاصل کی اورریاستی وزارت بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حکام کو ہدایات جاری کی کہ وہ جی ایچ ایم سی حدود میں 300ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائیں اور اطراف کی بلدیات میں 50 ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے بارش کے متاثرین کو فوری 10ہزار کی نقد امداد کے عمل کو تیز کرنے کے علاوہ جی ایچ ایم سی میں تقسیم کی نگرانی کیلئے علحدہ کنٹرول روم قائم کیا جائے۔مسٹر سومیش کمار پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق ‘ مسٹر راما کرشنا راؤ پرنسپل سیکریٹری فینانس مسٹر راہول بوجا ‘ مسٹر لوکیش کمار‘ مسز شویتا موہنتی کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جانے والی امداد کو متاثرین کے گھروں تک پہنچانے کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر سرکل میں تین عہدیداروں پر مشتمل ٹیم روانہ کی جائے اور ضرورت پڑنے پر اطراف کے اضلاع سے عملہ طلب کیا جائے تاکہ متاثرین تک عاجلانہ اور دیانتدارانہ انداز میں رقمی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مسٹر سومیش کمار نے جائزہ اجلاس میں موجود عہدیداروں چوکسی اختیار کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔