دو افراد زخمی ، کونڈا پور میں محکمہ آبپاشی کی کارروائی ، خاندانی تفریح کا خواب چکنا چور
حیدرآباد۔26۔ستمبر۔(سیاست نیوز) تالاب میں تعمیر کی گئی 4 منزلہ عمارت کومحکمہ آبپاشی‘ نے آج دھماکو اشیاء کا استعمال کرتے ہوئے منہدم کردیا اور اس کاروائی کے دوران دھماکہ کے ساتھ تعمیری اشیاء ہوا میں اڑنے کے سبب عملہ کے دو ارکان کو معمولی چوٹ آئی ۔ ملکا پور تالاب ‘ کونڈاپورضلع سنگاریڈی میں کی گئی کاروائی کے دوران پیش آئے اس واقعہ کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے عہدیدارو ںنے کہا کہ 12 سال قبل شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک بلڈر نے تالاب میں اس عمارت کو تعمیر کیا تھا اور تعطیلات میں اپنے خاندان کے ہمراہ تالاب میں تعمیر کی گئی اس عمارت میں وقت گذاری اور تفریح کے غرض سے آیا کرتے تھے۔ شہر کے نواحی علاقہ میں تالاب میں کی گئی اس تعمیر کے سلسلہ میں عہدیدارو ںنے بتایا کہ پانی میں قدم رکھے بغیر اس عمارت تک پہنچنے کے لئے بلڈر نے خشکی سے عمارت تک سیڑھیوں کا راستہ بھی تعمیر کیا تھا۔ عہدیدارو ںکی نگرانی میں کی گئی اس کاروائی کے دوران ماہرین کی نگرانی میں معمولی دھماکو اشیاء کے استعمال کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ نے کاروائی کی اور اس عمارت کو مکمل طور پر ایک دھماکہ کے ساتھ منہدم کردیا۔ بتایاجاتا ہے کہ اس کاروائی کے سلسلہ میں عہدیداروں نے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد دھماکہ کے ساتھ عمارت کو اڑانے اور اسے منہدم کرتے ہوئے ملبہ کی صفائی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور آج صبح کی اولین ساعتوں میں عہدیداروں نے عمارت کے پلرس جو پانی میں تھے ان سے دھماکو اشیاء کو باندھ کرانتہائی کم شدت کا دھماکہ انجام دیا اور اس دھماکہ کے ساتھ ہی 4 منزلہ عمارت ملبہ میں تبدیل ہوگئی ۔ ذرائع کے مطابق تالاب میں تعمیر کی گئی اس عمارت کے متعلق مسلسل شکایات کی جاتی رہی ہیں لیکن 10 سال کے دوران تالاب میں تعمیر کی گئی اس عمارت کے خلاف کسی بھی طرح کی کوئی کاروائی نہیں کی گئی اور اب جبکہ آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں ’حیدرا‘ کی جانب سے ایف ٹی ایل اور بفر زون میں شامل عمارتوں کو منہدم کرنے کی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اسی دوران محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے بھاری پولیس بندوبست کے ساتھ تالاب میں تعمیر کی گئی اس عمارت کو منہدم کردیا جو کہ خاندانی تفریح کے طور پر استعمال کی جا رہی تھی۔3