کولکاتہ۔بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعہ کو ایک پروگرام کے دوران چین اور پاکستان کو سخت نشانہ بنایا۔ چین کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کو ‘مہذب’ دو طرفہ تعلقات برقرار رکھنے ہیں تو چین کو بھی ہندوستان کے ساتھ ‘عملی تعلقات’ پر یقین رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور چین کے تعلقات میں موجودہ گراوٹ ہندوستان کی نہیں پڑوسی ملک کی غلطی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔
جب وزیر خارجہ جئے شنکر سے پوچھا گیا کہ کیا دو ایشیائی ممالک کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ ہو سکتا ہے، تو انہوں نے کہا، “آخر کار تالی بجانے کے لیے دو ہاتھوں کی ضرورت ہوتی ہے اور چین کو بھی قابل عمل تعلقات پر یقین رکھنا چاہیے۔” وزیر خارجہ ایس جے شنکر’New India and the World’ کے موضوع پر شیاما پرساد لیکچر دینے کے بعد بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چین یکطرفہ طور پر جمود کو تبدیل کرنے کی کوشش بند کرے۔ اسے سمجھنا چاہیے کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی مفاد اور احترام پر کام کرتے ہیں۔