تانڈورمیں آگ لگنے سے دودکانات حادثہ کاشکار

   

تانڈور۔4اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر کے ایک ٹینٹ ہاؤس میں آگ لگنے سے حادثہ پیش آیا۔ ٹینٹ ہاؤس سے بھڑکی آگ دو اور دکانوں تک پھیل گئی۔ یہ واقعہ ہفتہ کے روز شہرتانڈور کے فلائی اوور پل کے قریب پیش آیا۔مقامی لوگوں اور متاثرین کے مطابق ریلوے ٹریک کے قریب فلائی اوور پل کے پاس “ایم ایس ٹینٹ ہاؤس کے نام سے دکان موجود ہے۔ اس دکان کے سامنے ایک چھوٹا سا شیڈ تھا، جس میں ٹینٹ ہاؤس کا سامان رکھا جاتا تھا۔ ہفتہ کی صبح اچانک شیڈ سے آگ بھڑک اٹھی۔ یہ آگ آہستہ آہستہ پاس ہی واقع ایک آٹو موبائل شاپ اور ویلڈنگ شاپ تک پھیل گئی۔مقامی لوگوں نے فوراً فائر اسٹیشن کے حکام کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی فائر عملہ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پالیا۔ تب تک ٹینٹ ہاؤس کا سارا سامان جل کر خاکستر ہو چکا تھا۔ اس حادثے میں تقریباً دو لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے، یہ بات نصیر نامی شخص نے بتائی۔ باقی آٹو موبائل اور ویلڈنگ شاپ میں بھی کچھ چھوٹی موٹی اشیاء جل گئیں۔تاہم آگ حادثہ والے ٹینٹ ہاؤس میں بجلی کا کنکشن نہیں تھا اور آٹو موبائل شاپ میں بھی کرنٹ کنکشن نہیں تھا، یہ بات منتظمین نے واضح کی۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے ٹینٹ ہاؤس میں آگ لگا دی ہوگی۔