رکن اسمبلی بی منوہر ریڈی کی کاوشیں کامیاب‘ اسٹون اسوسی ایشن کی جانب سے تہنیت
تانڈور۔ یکم؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ پتھر کی صنعت کو جلد بڑی راحت ملنے جا رہی ہے۔ صنعت پر عائد بجلی یونٹس کے بلوں کا مالی بوجھ کم ہونے والا ہے رکنِ اسمبلی تانڈور بی منہور ریڈی کی مسلسل کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔اس سلسلے میں ہفتہ کے روز تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور منڈل کواری اونرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ارکان نے رکن اسمبلی بی منوہر ریڈی کی شال پوشی وہ گلپوشی کے ذریعے تہنیت پیش کی۔واضح رہے کہ تانڈور کی پتھر کی صنعتوں پر برقی یونٹس کے بلوں کی وجہ سے اضافی مالی بوجھ عائد ہو رہا تھا۔ اس مسئلہ کو دونوں ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے رکن اسمبلی کی توجہ میں لایا، جس پر انہوں نے محکمہ برقیات کے عہدیداروں سے تفصیلی بات چیت کی۔بات چیت کے بعد محکمہ برقیات نے تانڈور کی پتھر کی صنعتوں کے بجلی یونٹس پر مالی بوجھ کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے علاوہ اب تک وصول کی گئی اضافی رقم کو آئندہ آنے والے بلوں میں ایڈجسٹ کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ صنعت کے لیے رکن اسمبلی منوہر ریڈی کی معاونت پر ایسوسی ایشن کے ارکان اور تاجر برادری نے مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اسٹون مرچنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر نعیم (افو)، منڈل کواری اونرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرؤف، ایم اے ستار، کنچم مرلی دھر، سید حبیب، سید زبیر لال زین الدین حبیب لا لا محمد انور سید اجمل کے علاوہ دیگر شریک تھے۔