تانڈور /7 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست میں غریبوں کی فلاح و بہبود کو عوامی حکومت سب سے زیادہ ترجیح دے رہی ہے، یہ بات تانڈور کے رکن اسمبلی منوہر ریڈی نے کہی۔ہفتہ کے روز رکن اسمبلی کیمپ آفس میں کلیان لکشمی، شادی مبارک اسکیموں کے تحت حلقہ کے مختلف منڈلوں سے تعلق رکھنے والے 96 مستحقین میں منظور شدہ چیکس کی تقسیم کے ساتھ ساتھ سی ایم آر ایف اسکیم کے تحت 119 مستحقین میں منظور شدہ ایل او سیز تقسیم کرنے کا پروگرام منعقد کیا گیا۔رکن اسمبلی کے ہاتھوں متعلقہ منڈلوں کے مستفیدین کو 96 لاکھ 11 ہزار 136 روپے کے کلیان لکشمی اور شادی مبارک چیکس تقسیم کیے۔ اسی طرح 39 لاکھ 79 ہزار روپے مالیت کے سی ایم آر ایف ایل او سیز بھی حوالے کیے۔اس موقع پر رکن اسمبلی منوہر ریڈی نے کہا کہ عوامی حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود اور صحت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔
